لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادیٔ صحافت ایک جمہوری معاشرے کی بنیاد اور زندہ قوم کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی سربلندی کے سفر میں اہلِ صحافت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ایک آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا حکمرانوں کو جواب دہ بناتا ہے، اور صحافت کی آزادی کے لیے صحافی برادری کی خدمات، جدوجہد اور قربانیاں انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت اور آزادیٔ صحافت ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے عناصر ہیں، اور اگر صحافت آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوری نظام مزید مضبوط ہوتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور صحافی برادری کے لیے اپنے گھر کے خواب کی تکمیل کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمہوریت کی ترقی اور عوامی مفادات کے تحفظ میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے، اور حکومت اس سلسلے میں میڈیا کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔