سوات: چھتیں منہدم ہونے کے واقعات میں بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق، 3 زخمی

سوات: چھتیں منہدم ہونے کے واقعات میں بچیوں سمیت 3 افراد جاں بحق، 3 زخمی

سوات کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے ہیں، جن میں بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پہلا واقعہ چارباغ کے علاقے گنڈھیرئی میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی گھر کی چھت اچانک گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 8 سالہ شیما اور 6 سالہ مناہل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ حورین اور ان کی والدہ زخمی ہو گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر ریسپانس اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے ملبے تلے دبے چار افراد کو نکالا گیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منگلور منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق بچیوں کی لاشیں بھی اسپتال پہنچا دی گئیں۔دوسرا واقعہ کالام کے علاقے بلوگا میں پیش آیا جہاں ایک کچے ہوٹل کے کمرے کی چھت گرنے سے 32 سالہ شخص وقاص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کا تعلق ملاکنڈ سے تھا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کالام منتقل کیا گیا۔حکام نے بتایا ہے کہ دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہو چکی ہے، جس کے بعد بالائی علاقوں میں کمزور تعمیرات اور موسمی اثرات کے باعث حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔