عوام کی خدمت ہی فوج کی اصل پہچان فیلڈمارشل
کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مذہبی مقامات اور اقلیتوں کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی ذمہ داری ہے‘ ریاست ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی:سپہ سالار
فیلڈ مارشل نے جوانوں کے قوم کی خدمت کے جذبے اور تیاریوں کو سراہا ‘مشکل حالات میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر بھی جوانوں کی تعریف کی‘ دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا :آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کر تارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مذہبی مقامات اور اقلیتوں کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔ متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کور کمانڈر گوجرانوالہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل کو بارشوں کے نئے سپیل اور اس کے پیش نظر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مثالی کوآرڈی نیشن کو سراہا اور ریسکیو سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔رمی چیف نے فوجی جوانوں اور سول انتظامیہ کی مربوط اور انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا مشکل حالات میں عوام کی خدمت ہی فوج کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا‘ فیلڈ مارشل نے کرتارپور میں سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، مذہبی مقامات اور اقلیتوں کا تحفظ ریاست پاکستان اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ریاست پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کی آمد کا خیر مقدم کیا، اور سکھ برادری نے سیالکوٹ سیکٹر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کہ فیلڈ مارشل نے جوانوں کے قوم کی خدمت کے جذبے اور تیاریوں کو سراہا اور مشکل حالات میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر بھی جوانوں کی تعریف کی۔ فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا اور سید عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے لوگوں کی مدد کرنے، ان کی جان و مال بچانے پر سول انتظامیہ کی تعریف کی۔