کراچی میں ڈاکٹر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی

کراچی میں ڈاکٹر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی

کراچی کے علاقے بفرزون میں ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس کی کارکردگی سے مایوس شہری نے مقدمہ درج کروانے سے انکار کر دیا، جس کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 اپریل کی صبح تیموریہ تھانے کے علاقے بفرزون 15 اے 3 میں ایک ڈاکٹر کے گھر ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فجر کے وقت چار مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوتے ہیں اور واردات انجام دیتے ہیں۔ ملزمان گھر سے 50 ہزار روپے نقد، دو قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔واردات کو دو روز گزرنے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔

 پولیس کے مطابق متاثرہ شہری نے نہ تو 15 پر اطلاع دی اور نہ ہی کوئی تحریری شکایت جمع کروائی۔ایس ایچ او تیموریہ سعید خان کے مطابق پولیس کو واقعے کی اطلاع پڑوسیوں کی جانب سے ملی، جس پر فوراً موقع پر پہنچ کر جائے واردات کا معائنہ کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بار بار رابطے کے باوجود متاثرہ شہری مقدمہ درج کروانے پر آمادہ نہیں، تاہم اس کے باوجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔