ملیر رفاہِ عام سوسائٹی میں مسلح ڈکیتی کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر

ملیر رفاہِ عام سوسائٹی میں مسلح ڈکیتی کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر

کراچی کے علاقے ملیر رفاہ عام سوسائٹی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک فیملی کو اس وقت لوٹ لیا جب وہ اپنے گھر کے باہر گاڑی میں موجود تھی۔

 واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق واقعہ منگل کی صبح الفلاح تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رہائشی راحت شیخ اپنے بچے کو اسکول چھوڑ کر واپس آئے تھے کہ اچانک شلوار قمیص میں ملبوس دو ملزمان موٹر سائیکل پر وہاں پہنچے۔ ملزمان نے راحت شیخ اور ان کی اہلیہ کو اسلحے کے زور پر روک کر ان سے دو موبائل فون اور نقدی چھین لی۔

واردات کے بعد ملزمان انتہائی اطمینان سے موقع سے فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کے چہرے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔متاثرہ شہری نے واردات کی اطلاع فوری طور پر الفلاح پولیس کو دے دی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عندیہ دیا ہے۔