فٹبال کے عالمی کھلاڑیوں کی تنظیم فیف پرو نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے امکانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ماحولیاتی تحقیقاتی ادارے ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے اس بڑے ٹورنامنٹ کے دوران تقریباً ایک چوتھائی میچز ایسے حالات میں کھیلنے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق، اس 104 میچز پر مشتمل مقابلے میں کم از کم پانچ میچز ایسے موسمی حالات میں ہونے کا خدشہ ہے جن میں میچ ملتوی کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔ ماہرین نے ویٹ بلب گلوب ٹیمپریچر (ڈبلیو بی جی ٹی) انڈیکس کی مدد سے اندازہ لگایا ہے کہ انسانی جسم گرمی میں خود کو کس حد تک ٹھنڈا رکھ سکتا ہے۔
فیف پرو کے میڈیکل ڈائریکٹر ونسنٹ گوٹبارگ کے مطابق، جب درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو خصوصی حفاظتی اقدامات درکار ہو جاتے ہیں، اور 28 ڈگری سے اوپر میچ روکنے کی سفارش کی جاتی ہے۔فیفا نے جواب میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین کے تحفظ کے لیے کولنگ سسٹمز، ہائیڈریشن بریکس، اور طبی سہولیات سمیت مختلف منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی صورت میں کھیل کا انداز بھی متاثر ہوگا اور ٹیمیں زیادہ محتاط حکمت عملی اپنائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق، میامی، نیویارک، فلاڈیلفیا اور کنساس سٹی جیسے شہروں میں گرمی کا خطرہ سب سے زیادہ ہوگا، اور فائنل میچ کے دوران بھی درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔