تھانہ ٹیکسلا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر میں چوری کی بڑی واردات ٹریس کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا اور کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات برآمد کر لیے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزم نے شہری کے گھر میں پینٹنگ کے کام کے دوران موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 23 تولہ طلائی زیورات چوری کیے اور فرار ہو گیا تھا۔ واردات کے بعد متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سے برآمد ہونے والے طلائی زیورات اصل مالک کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق شہری نے قیمتی زیورات کی فوری برآمدگی اور ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو سراہا اور بروقت کارروائی پر اظہارِ تشکر کیا۔