کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 116 ، ناجائز اسلحہ رکھنے پر 56 مقدمات
لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے دوران سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لاہور پولیس نے سرچ و کومبنگ آپریشنز میں نمایاں تیزی کر دی ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک مجموعی طور پر 1590 سرچ و کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 81 ہزار سے زائد گھروں جبکہ 1 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران 408 مشتبہ افراد اور 64 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا ہے۔ترجمان کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 116 جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر 56 مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ شراب نوشی کے 26 اور منشیات کے 29 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔پولیس نے سکیورٹی کے پیش نظر شہر بھر میں 133 مارکیٹوں، 3 ہزار سے زائد دکانوں، 92 بس اڈوں، 286 ہوٹلوں اور 385 ہاسٹلز کی چیکنگ بھی مکمل کی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے قانون شکن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بس ٹرمینلز، گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر اہم مقامات کے اطراف میں سرچ آپریشنز جاری رکھنے پر زور دیا۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو گشت بڑھانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران و اہلکار الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔