317 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز ، 81 عادی اور اشتہاری گرفتار

 11,719 گھروں کی تلاشی ، 35,942 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لاہور پولیس کی کارروائیاں مزید مؤثر بنا دی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ابتک شہر بھر میں 317 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن کے دوران 81 عادی اور اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا گیا. ان سرچ آپریشنز کے دوران 11,719 گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 35,942 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔ دورانِ کارروائی 4,985 کرایہ داروں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 10 افراد کو شناخت چھپانے اور کرایہ داری کا تھانے میں اندراج نہ کروانے پر حراست میں لیا گیا۔پولیس نے بس اڈوں، ہوٹلز اور ہاسٹلز کی بھی سخت نگرانی کی، جبکہ مختلف مقامات سے منشیات برآمد ہونے پر 56 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ، شناختی دستاویزات فراہم نہ کرنے والے 3 افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔مجموعی طور پر 188 افراد کو مختلف جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے الرٹ ہے اور رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی مزید سخت کی جا رہی ہے۔ جرائم کی بیخ کنی کے لیے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رہیں گے، تاکہ عوام کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا  جا سکے۔