ماہ نور نے اپنے ہی پستول سے گولی چلا کر ندیم کو قتل کیا، اعتراف جرم کر لیا
ندیم کے اہلخانہ اس کی منگنی ایک لیڈی ڈاکٹر سے کرنا چاہتے تھے:ایس پی عبداللہ
لاہور(کرائم رپورٹر)نواب ٹاؤن میں کار سوار ندیم ارشد کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا، مقتول کی قریبی خاتون دوست ماہ نور رخسار کو گرفتار کر لیا گیاقائم مقام ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق ملزمہ ماہ نور نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے مقتول کے اپنے ہی پستول سے گولی چلا کر اسے قتل کیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول ندیم اور ملزمہ کے درمیان نکاح کے بعد سے تعلقات کشیدہ تھے اور جھگڑے جاری تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ندیم کے اہلخانہ اس کی منگنی ایک لیڈی ڈاکٹر سے کرنا چاہتے تھے، جبکہ ملزمہ ماہ نور اپنے سابق شوہر کے پاس واپس جانا چاہتی تھی، جس کے باعث تنازع شدت اختیار کر گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کو گرفتار کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ قائم مقام ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔