ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے اپنے صنعتی یونٹس لگا رہے ہیں :چودھری شافع حسین

فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں  بینکوں کی برانچیں کھل رہی ہیں جس سے صنعتکاروں کو سہولت ملے گی،فیصل آباد میں ایکسپو سینٹر بھی بنے گا:وفد سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام صنعتکاروں کے ساتھ مکالمہ منعقد ہوا جس میں صوبائی  وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔ شافع حسین نے صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  پنجاب  میں موثر حکمت عملی کے تحت صنعتکاری کے عمل کو تیز کیا گیا ہے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں تیزی سے اپنے صنعتی یونٹس لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب  میں انڈسٹری کا فروغ میرا عزم ہے۔جتنی زیادہ انڈسٹری لگے گی اتنے ہی روز گار کے مواقع بڑھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بن رہا ہے یہاں مختلف بنکوں کی برانچیں بھی کھل رہی ہیں بنکوں کی برانچیں کھلنے سے صنعتکاروں کو سہولت ملے گی۔فیصل آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سینٹر بھی بنایا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری منتقل ہو رہی ہے مقامی  صنعتکار بھی یہاں ٹیکسٹائل انڈسٹری لگا رہے ہیں