ایران کے خلاف طویل مدت کیلئے بحری ناکہ بندی کی تیاری کریں ٹرمپ کی مشیروں کو ہدایت

 ایران کی معیشت اور تیل کی برآمدات پر دبا ئو جاری رکھا جائے، ایرانی بندرگاہوں سے آنے جانے والی شپنگ کو روکا جائے، بمباری شروع کرنا یا تنازع سے باہر نکلنا ناکہ بندی برقرار رکھنے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے
 برطانیہ کے  بادشاہ چارلس متفق ہیں  ایران جوہری بم نہیں رکھ سکتا، امریکہ نے ایران کو فوجی شکست دی ہے، برطانیہ سے تاریخی رشتہ اجاگر کرنا فطری ہے، سیاسی علیحدگی کے باوجود امریکہ اور برطانیہ کی دوستی برقرار ہے
ایران اپنے معاملات درست نہیں کر پا رہا، وہ غیر جوہری معاہدہ پر دستخط کے طور طریقے نہیں جانتا، بہتر ہے  وہ جلد دانشمندی دکھائے:امریکی صدر‘گن اٹھائے دھوپ کا چشمہ لگائے اپنی اے آئی تصویر  شیئرکردی 
واشنگٹن،لندن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو ایران کے خلاف طویل المدتی بحری ناکہ بندی کی ہدایت کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشیروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف طویل المدتی بحری ناکہ بندی کی تیاری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی معیشت اور تیل کی برآمدات پر دبا ئو جاری رکھا جائے، ایرانی بندرگاہوں سے آنے جانے والی شپنگ کو روکا جائے، بمباری شروع کرنا یا تنازع سے باہر نکلنا ناکہ بندی برقرار رکھنے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کے  بادشاہ چارلس متفق ہیں کہ ایران جوہری بم نہیں رکھ سکتا، امریکا نے ایران کو فوجی شکست دی ہے، برطانیہ سے تاریخی رشتہ اجاگر کرنا فطری ہے، سیاسی علیحدگی کے باوجود امریکا اور برطانیہ کی دوستی برقرار ہے۔دوسری جانب  صدر ٹرمپ کے اس بیان پر بی بی سی کو بکنگھم پیلس کا رد عمل موصول ہوا ہے۔ بکنگھم پیلس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ  جوہری پھیلا کی روک تھام کے لیے ان کی حکومت کا طویل عرصے سے جو معروف موقف ہے، شاہ چارلس اس سے آگاہ ہیں۔ دریں اثناء ڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری معاہدے کے معاملے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو جلد سمجھداری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اب تک غیر جوہری معاہدے پر اتفاق کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے لکھا  ایران اپنے معاملات درست نہیں کر پا رہا، وہ غیر جوہری معاہدہ پر دستخط کے طور طریقے نہیں جانتا، بہتر ہے کہ وہ جلد دانشمندی دکھائے۔صدر ٹرمپ نے اپنی ایک اے آئی سے بنی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ ایک گن اٹھائے دھوپ کا چشمہ لگائے کھڑے ہیں، جبکہ ان کے عقب میں موجود پہاڑوں پر مختلف دھماکے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔تصویر پر اب مزید نرمی نہیں جیسے الفاظ درج ہیں، جو امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں۔