سرحدی کشیدگی پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی:مریم نواز

سرحدی کشیدگی پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں پر کشیدگی ہے، مگر ہمیں گھبرانے کی نہیں بلکہ بہادری سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ “ہماری افواج وطن کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور ہم سب ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔”تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ “آج کا دن پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، بچے افواج پاکستان کو یہ پیغام دیں کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔” انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے قدم اٹھائیں اور ملکی سالمیت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہ بنیں۔وزیراعلیٰ نے سیاست کو خدمت کا دوسرا نام قرار دیتے ہوئے کہا کہ “سیاست عبادت ہے، اگر نیت خدمت کی ہو۔” انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ لاہور کے 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں اور اس اسکیم کا مقصد تعلیم میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ “یہ لیپ ٹاپ یا اسکالرشپ صرف ایک ذریعہ ہیں، اصل مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ لیپ ٹاپ اسکیم مکمل میرٹ پر مبنی ہے اور ایک لاکھ سے زائد درخواست دہندگان کو مرحلہ وار لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔اختتام پر مریم نواز نے دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنی نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے نوازیں تاکہ پورا ملک تعلیمی میدان میں ترقی کرے۔