پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ جو لوگ پی ٹی آئی کے ساتھ چل کر پھر اسے چھوڑیں گے، وہ اپنا نقصان کریں گے اور قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اڈیالہ کے باہر ہونے والا واقعہ کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی، ایک دوست نے اس کو ریکارڈ کر لیا اور اس بات کو بڑھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، چھوٹی موٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں، ہمارا نظریہ، قائد اور مقصد ایک ہے۔سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ بلوچستان میں جو واقعہ ہوا ہے اس کے بعد یہ ضروری ہو گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور مقتدرہ کے لوگ مل کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں تاکہ عوام کے دکھوں کا مداوا کیا جا سکے اور ملک کو اس مشکل سے نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے بات چیت بڑھانے کی ہدایت دی ہے اور وہ ہر اس جماعت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جو جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھائے۔ سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی بھی شخص پی ٹی آئی کے ساتھ چل کر پھر چھوڑ دے گا کیونکہ قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔