اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی، جس میں پاک-بھارت کشیدگی، سرحدی صورتحال، اور قومی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں پر اتفاق
ملاقات میں محسن نقوی نے خالد مقبول صدیقی کو حالیہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی (NSC) کے اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔خالد مقبول صدیقی نے ان فیصلوں کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہوئے کہا کہ "ایم کیو ایم پاکستان، پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے"۔
بھارتی بیانات پر سخت ردعمل
خالد مقبول صدیقی نے بھارت کے ہیجان انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بیانات جنگ کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے"۔
محسن نقوی کا انتباہ: بھارت کسی بھول میں نہ رہے
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت اگر تباہی کے راستے پر چلا تو اس کا خمیازہ بھاری نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ:
"یہ وقت قومی اتحاد کا ہے، سیاسی قیادت قومی سلامتی کے معاملے پر متحد ہے۔""پاکستانی قوم اور مسلح افواج یک جان ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔"