کراچی: وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پاکستان کا آئی ٹی سسٹم اب مضبوط مومینٹم پکڑ رہا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک میں فری لانسرز کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس سے پاکستان پائیدار معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی پذیرائی ہو رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، اور مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے ٹیکس کے اعداد و شمار بھی شاندار ہیں، جبکہ ایس آئی ایف سی نے ملک کے اندرونی مسائل کو حل کر کے اقتصادی راہ ہموار کی ہے۔
شزا فاطمہ نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی تعداد ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور حکومت اس شعبے کی مزید معاونت جاری رکھے گی۔