مقامی زبانوں میں ڈیجیٹائزیشن ناگزیر، ٹیکنالوجی سے ہر شہری کو جوڑنا چاہتے ہیں: شزا فاطمہ

مقامی زبانوں میں ڈیجیٹائزیشن ناگزیر، ٹیکنالوجی سے ہر شہری کو جوڑنا چاہتے ہیں: شزا فاطمہ

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مقامی زبانوں میں ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور مقامی زبانوں میں مشین لرننگ کو فروغ دے کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکنالوجی کے ثمرات سے مستفید کیا جا سکتا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت مشین لرننگ اور ڈیٹا سائنس کے شعبوں میں مقامی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حکومتی امور میں شفافیت آئے گی جبکہ ادارہ جاتی کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لینگویج ماڈلز کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کوئی شہری ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے، اس لیے اس میدان میں ہر نوعیت کی مہارت کی ضرورت ہے۔شزا فاطمہ خواجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کلیدی حیثیت اختیار کر چکی ہے اور اس کے مؤثر استعمال سے قومی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔