وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور حکومت اس ابھرتے ہوئے شعبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
اے آئی ایکسپو کے موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ مرحلے میں 10 لاکھ بچوں کو اے آئی کی جدید تربیت فراہم کرے گی تاکہ نوجوان نسل کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اے آئی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اس کے مثبت اثرات مختلف شعبوں میں دیکھے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم، صحت، زراعت، صنعت اور سیکیورٹی سمیت متعدد شعبوں میں اے آئی کے استعمال سے کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ممکن ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔شزا فاطمہ نے معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سائبر ونگ نے کلیدی کردار ادا کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کے خلاف بڑی کامیابی حاصل ہوئی، جس سے سائبر صلاحیتوں کی اہمیت مزید واضح ہو گئی۔