72گھنٹے میں بھارتی کارروائی کا خدشہ پاکستان منہ توڑ جواب کیلئے تیار
ردعمل کا طریقہ کار، وقت، مقام اور اہداف خودبھارتی فوج طے کرے گی: مودی، ہم پہل نہیں کرینگے ، مگر جواب بھارت صدیوں یاد رکھے گا: اسحق ڈار، پوری قوم یک زبان، سینیٹ میں بھی حکومت اور اپوزیشن کا ایکا
بھار ت خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر 24 سے 36 گھنٹے میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی: وزیر اطلاعات
پہلا انٹرو
نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی فوج کو پہلگام واقعے پر ردعمل کی اجازت دے دی۔نریندر مودی کی زیر صدارت سیکیورٹی اجلاس ہوا، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دیول اور تینوں افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے اجلاس کے دوران اپنی فوج کو پہلگام واقعے پر ردعمل دینے کی اجازت دے دی ہے۔رپورٹس کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ ردعمل کا طریقہ کار، وقت، مقام اور اہداف خود فوج طے کرے گی۔
دوسرا انٹرو
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے الزامات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم پہل نہیں کریں گے لیکن بھارت نے کچھ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔سینیٹ میں پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد ایوان اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ فیڈریشن کی نمائندگی کرتے ہوئے اس ایوان نے اتحاد کا ثبوت دیا ہے اور تمام جماعتوں نے متفقہ قرارداد منظور کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ہم نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، برطانیہ، کویت، بحرین اور ہنگری کے وزرائے خارجہ سے بات کی ہے اور ان ممالک کو بھارت کی تاریخ اور بھارت کے عزائم بتائے ہیں۔سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی حکومت کی دھمکی پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے شک ہے اس معاہدے کو ختم کرنے کے لیے یہ ڈراما رچایا گیا ہے، پہلگام واقعے میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، چین اور ترکیے نے واضح اسٹینڈ لیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وزیرخارجہ نے ہمارا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی، ترکیے کے وزیرخارجہ نے کہا ہمیں بتائیں ہم کیا کرسکتے ہیں، ترک وزیر خارجہ سے کہا کہ بھارت کوئی اقدام کا سوچ رہا ہے اور اس دفعہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کوئی ثبوت دینے میں ناکام ہوگیا ہے، ہم اپنی سفارت کاری کے فریضے کو نبھا رہے ہیں۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں انہوں نے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ حالات بدل چکے ہیں، انہوں نے لکھا کہ ہم معاہدہ معطل کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ کا ڈرامہ کرنے کے فوری بعد کشمیر کا اسٹیٹس بدل دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے کہہ دیا ہے کہ پانی کو روکا گیا تو یہ ہمارے لیے جنگ کے مترادف ہوگا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا نے متفقہ طور پر پریس ریلیز جاری کی ہے، جس میں پاکستان کی جانب سے میں نے دو اعتراضات کیے ہیں، اس میں متحدہ مزاحمت فورم کی مذمت کی گئی ہے، دوسرا میں نے کہا پہلگام کے ساتھ جموں وکشمیر بھی لکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا گیا، پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
تیسرا انٹرو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعہ سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا کر 24 سے 36 گھنٹے میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔عطا اللہ تارڑ کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ جنگ سے ہونے والے نقصانات کی ذمے داری بھارت پر ہوگی، بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار مسترد کرتا ہے، پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمیدار ریاست ہونے کا ثبوت دیا۔عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان نے سچائی کا پتہ لگانے، محرکات جاننے کے لیے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی ہے، تاہم بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا ہے، یہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیرجانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بینقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے، سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اس طرح کیحملے کرنا بدقسمتی اور افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بین الاقوامی برادری کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی،پاکستان قوم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔