بھارتی فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب، علاقائی امن خطرے میں ڈال دیا‘پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے‘ عالمی برادری جارحیت کی مذمت کرے‘ پاکستان کی خودمختاری کے حق میں آواز اٹھائے:صدر مملکت
ہم نے پہل نہیں کی لیکن جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارت کے 75 سے 80 فائٹرز نے سرحد پر حملہ کیا، ایک گھنٹہ جنگ رہی‘ فضائیہ کو کھلی اجازت دیتے تو دشمن کے 5 نہیں 15 طیارے گرتے:نائب وزیراعظم
ہم جنگ کے حامی نہیں، مگر بھارت نے حملہ کیا اور بے گناہ شہریوں کو شہید کیا، بھارت حوصلہ رکھے پاکستان اس حملے کا جواب دے گا‘بھارت کا گھنائونا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے:چیئرمین پی پی
اسلام آباد(آ ئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے بزدلانہ حملے سے بھارتی فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا جس نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت نے بلا اشتعال شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ناصرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی توہین کی ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا اور اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار اور اہل ہیں‘انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جارحیت کی مذمت کرے اور پاکستان کے خودمختاری کے حق میں آواز اٹھائے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے میڈیا سے گفتگو اور قوم اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بھارت کے 75 سے 80 فائٹرز نے بارڈر پر فائر کیا اسے جواب دیا گیا، ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی، ہماری فضائیہ نے بھرپور ریسپانس کیا۔ قوم مسلح افواج کو مستعد رہنے اور جواب دینے پر مبارکباد دیتی ہے، یو این سکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رات واقعی کے فورس بعد غیر ملکی سفیروں سے بات ہوئی، اسپین کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی ہے، او آئی سی کو بھی صورتحال سے متعلق بتایا ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہل نہیں کی لیکن جارحیت کا بھرپور جواب دیا، اگر فورسز کو رسٹرین کا نہ کہا گیا ہوتا تو دشمن کے پانچ نہیں 15 طیارے گرے ہوتے، نیلم جہلم پراجیکٹ کو انڈیا کس نشانہ بنانا سنگین خلاف ورزی اور دگنا مجرمانہ ایکٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ملین آف ڈالرز کے فائٹرز طیارے مار گرائے ہین، دشمن کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے پہلے ہی کہا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب دیا، بزدل بھارت کے 5 جہاز گرائے گئے۔ ہم جنگ کے حامی نہیں، مگر بھارت نے حملہ کیا اور بے گناہ شہریوں کو شہید کیا، بھارت حوصلہ رکھے پاکستان اس حملے کا جواب دے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بزدل بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملے کیے، بھارت کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے پر شفاف تحقیقات کی پیش کش کی۔ بھارت کا گھنائونا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، بزدل بھارت نے حملے میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، اتنی صلاحیت ہے کہ دشمن کو ہر حملے کا جواب دیں سکیں۔ جنگ کے حامی نہیں لیکن بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان آج بھی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے تیار ہے، یہ بھارت کی بھول ہے کہم ان حملوں کے جواب میں خاموش رہیں گے۔