راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی قسم کی ڈیل کے بغیر اپنے کیسز کا سامنا کریں گے اور جیل سے نکلنے کے لیے کسی مفاہمت یا معاہدے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہوں نے ڈیڑھ سال جیل میں گزارا اور ان کے کیسز اب ختم ہو چکے ہیں، اس لیے ان کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ کسی سیاسی ڈیل کا حصہ بنیں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ جب ان کے کیسز کا فیصلہ ہو چکا ہے تو انہیں کسی قسم کی ڈیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان کا موقف ہے کہ انہیں بنی گالہ میں نظر بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ وہ لوگ جو پی ٹی آئی چھوڑ کر جا چکے ہیں، ان کے کیسز کیسے معاف کر دیے گئے۔انہوں نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ کہا تھا کہ یہ سازش پہلے سے تیار کی گئی تھی اور پارٹی کو کرش کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
علیمہ خان نے اپنے بھائی کے اس موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے تاکہ اس واقعہ کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔علیمہ خان نے عمران خان کے دوسرے مطالبے کا ذکر کیا جس میں بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ افراد کو جیلوں میں قید رکھنا انصاف کے خلاف ہے، اور انہیں جلد از جلد رہا کیا جانا چاہیے۔یہ باتیں علیمہ خان نے اس وقت کہیں جب بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہیں اور ان کے خلاف مختلف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔