اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کا مؤقف: بھائی کی رہائی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے

اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کا مؤقف: بھائی کی رہائی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ جب تک ان کے بھائی کو رہائی نہیں ملتی، وہ اور ان کے حامی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس ناجائز اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ فی الحال کسی کو جیل کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور اہلِ خانہ کو یہ تک معلوم نہیں کہ اندر کیا ہو رہا ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ “ہمیں مکمل اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے۔ یہ ٹرائل انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہو رہا ہے۔"

اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل، بیرسٹر علی ظفر نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں ٹرائل کا عمل غیر قانونی اور غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ نہیں ہو سکتا کہ ٹرائل خاندان اور وکلا کی موجودگی کے بغیر مکمل کیا جائے۔”بیرسٹر علی ظفر نے الزام عائد کیا کہ اندر بند کمرے میں جرح ہو رہی ہے اور گواہ پیش کیے جا رہے ہیں، جبکہ وکلاء کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا عمل قانون، انصاف اور آئین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔