22 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن،مہم 2 روز بڑھانے کا فیصلہ،22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے
لاہور( کرائم رپورٹر) لاہور میں پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر اور وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے پولیو، عظمیٰ کردار کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن خان اور بین الاقوامی مبصرین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سی او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا انسداد پولیو مہم کے دوران شہر میں جاری احتجاج اور ریلیوں کے باوجود 95 فیصد سے زائد اہداف حاصل کر لئے گئے۔ بریفنگ کے مطابق اب تک 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو مہم میں مکمل اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے مہم میں مزید دو روز کا اضافہ کیا جائے گا۔