بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ

کینٹ میں 3434، ماڈ ل ٹاؤن میں 2046، سٹی میں 1197اور سول لائنز میں 483ملزمان گرفتار کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے رواں سال بجلی چوری کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 10589ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روزیہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 8732مقدمات کااندراج یقینی بنایا گیاہے۔ اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں بجلی چوریکے1363ملزمان،صدرمیں 2066، کینٹ میں 3434، ماڈ ل ٹاؤن میں 2046، سٹی میں 1197اور سول لائنز میں 483ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ملکی وسائل کو نقصان پہچانے والے قانون شکن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔سی سی پی او لاہور نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں کہ پولیس ٹیمیں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے محاسبہ کیلئے متعلقہ محکموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو مزید متحرک کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوری کے مقدمات کو موثر فالو اپ سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ لاہورپولیس شب و روز انسدادِ جرائم کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری بجلی چوری کی صورت میں پولیس اور متعلقہ اداروں کو بروقت مطلع کریں۔