پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ

23 ہزار 439 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 20 ہزار 268 مقدمات کے چالان مکمل کرکے عدالتوں میں پیش:ترجمان 
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال صوبے بھر، بشمول لاہور، 32 ہزار 181 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 23 ہزار 439 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 20 ہزار 268 مقدمات کے چالان مکمل کرکے عدالتوں میں پیش کیے جا چکے ہیں۔ بجلی چوری میں ملوث 2521 ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے بھی کروائے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوری کے خلاف خصوصی کارروائیوں کے دوران 8880 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 9922 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام فیلڈ افسران کو بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ بجلی چوری کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔