کراچی (ویب ڈیسک) کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سالے نے اپنی بہن پر تشدد کرنے پر غصے میں آکر اپنے بہنوئی کو ڈنڈوں سے مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران ملزم حبیب اللہ نے ڈنڈوں کے وار سے اپنے بہنوئی شریف کو جان سے مار دیا، جب کہ اس کے بھائی سلیم بھی زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شرافی گوٹھ کے علاقے کورنگی سنگر چورنگی رکشا اسٹینڈ کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں بھائیوں میں لڑائی کے دوران مقتول شریف کو ڈنڈوں سے مارا گیا۔ متوفی کی لاش اور زخمی شخص کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 24 سالہ شریف اور زخمی کی 25 سالہ سلیم کے نام سے کی گئی۔ دونوں بھائی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ملزم حبیب اللہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ مقتول شریف اس کا بہنوئی تھا اور اس نے اس کی بہن کو مارا پیٹا تھا، جس پر اس نے طیش میں آ کر ڈنڈوں کے وار سے اسے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق مقتول اور ملزم دونوں رکشہ ڈرائیور ہیں اور اسی علاقے کے رہائشی ہیں۔ اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔