اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی

لاہور (ویب ڈیسک)  اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

بدھ کو سماعت کے دوران پرویز الٰہی کے وکیل، عامر سعید راں نے عدالت میں درخواست دی کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس لیے ان کی طرف سے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرلی۔سماعت کے دوران محمد خان بھٹی اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے شریک ملزمان کو وکالت نامے جمع کروانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ شریک ملزمان آئندہ سماعت پر اپنے وکالت نامے جمع کروائیں، اس کے بعد مقدمے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔اینٹی کرپشن لاہور نے اس مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروا رکھا ہے، اور اب کیس کی مزید سماعت کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔