گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا،مظاہرین کی وزیر اعلیٰ آفس میں گھسنے کی کوشش،لاٹھی چارج سے متعدد ڈاکٹرزخمی

 ہسپتالوں میںہڑتال ، لاکھوں مریض خوار
   مال روڈ میدان جنگ بنا رہا ،ڈاکٹرز سمیت 100سے زائد گرفتار ورہا،  ینگ ڈاکٹرز کا ج سے آپریشن تھیٹرز ،ان ڈور سروسز بند کرنے کا اعلان ،دھرنا بلا جواز ، کسی سرکاری ہسپتال کو پرائیوٹائز نہیں کر رہے: سلمان رفیق 
 لاہور( کرائم رپورٹر) گرینڈ ہیلتھ الائنس کے اعلان کے بعد ہسپتالوں میں ہڑتال سے لاکھوں مریض خوار ہونے لگے، لاہور کے ہسپتالوں جناح ہسپتال،چلڈرن ہسپتال،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،سروسز ہسپتال ،گنگارام ہسپتال سمیت  پنجاب بھر کے  دیگر ہسپتالوں  ہڑتال سے  مریضوں کو علاج معالجہ  کی سروسز کی فراہمی  ڈاکٹرز نے بند کر  رکھی ہے ،نجکاری کے خلاف سے دھرنا پر بیٹھے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین نے سی ایم ہا ئوس کی طرف مارچ کیااور کلب چوک پہنچ کر وزیر اعلیٰ آفس میں گھسنے کی کوشش کی ، پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد ڈاکٹرز زخمی ہوگئے جبکہ ڈاکٹرز سمیت 100سے زائد دھرنا ملازمین کو گرفتار کرکے رہا کردیا گیا۔وائے ڈی اے نے آ ئوٹ ڈور کے بعد آج سے آپریشن تھیٹرز کی ان ڈور سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا۔ ۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے مرد و خواتین مظاہر ین پر بد ترین تشدد کیا ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ریلی کی وجہ سے مال روڈ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہی۔  رکاوٹیں کھڑی کر کے پولیس کی بھاری نفری کو مال روڈ پر تعینات کیا گیا۔ مظاہرین الحمرا کے قریب پہنچے تو پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا ، مظاہرین نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے رکاوٹیں ہٹا لیں ، اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے بعد پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر کے پولیس وینز میں بٹھا لیا، رکاوٹیں گرنے سے خواتین سمیت کئی مظاہرین زخمی بھی ہوئے ، خواتین مظاہرین اپنے ساتھیوں کو پولیس سے چھڑانے کے لئے مزاحمت بھی کرتی رہیں تاہم پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا،  مظاہرین نے قیدیوں کی وین کے شیشے بھی توڑ دئیے۔   ریلی اور احتجاج کی وجہ سے مال روڈ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا اور ٹریفک گھنٹوں جام رہی ، شدید گرمی میں پھنسے شہری مظاہرین اور حکومت کو کوستے رہے۔ دوسری جانب لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورز میں  ہڑتال کی  جا رہی ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا  ہے۔ اس حوالے سے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا بلا جواز ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وی?ن کے مطابق 2500 بنیادی مراکز صحت اور 300 دیہی مراکز صحت کے حالات بہتر کر رہے ہیں۔ریفارمز کے بعد بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا دبا ئو کم ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کسی سرکاری ہسپتال کو پرائیوٹائز نہیں کرنے جا رہے۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کے او پی ڈی کی بندش کسی صورت قبول نہیں ہے۔مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تمام وائس چانسلر، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات سے مل کر جامع لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔ وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت تمام قیادت نے پولیس  سے رہائی ملنے کے بعد   پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس گردی کے خلاف آج سے آپریشن تھیٹرز کی سروسز کو بند کررہے ہیں اور اگر مزید زیادتی کی گئی تو ہم ایمرجنسی سروسز بھی بند کردینگے۔بعدازاں دھرنا ملازمین کی بڑی تعداد چیئرنگ کراس شفٹ ہوگئی جہاں پر تاحال دھرنا جاری ہے ۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ذاتی اور سیاسی ایجنڈا لیے چند لوگ سیکورٹی صورتحال خراب کر رہے ہیں۔ ہمسایہ ملک سے کشیدگی کے پیش نظر سیکورٹی خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ چند قدم کے فاصلے پرپی ایس ایل ٹیمیں اور غیر ملکی کھلاڑی بھی رہائش پذیر ہیں۔   فیصل کامران نے ڈی جی پی آرآفس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مال روڈکلب چوک پر احتجاج سے جاری ہے جس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جاری ہے  ۔ فیصل کامران نے بتایا کہ مظاہرین کوصرف ہائی سکیورٹی زون میں سرکاری املاک کو نقصان سے بچانے کیلئے پیچھے ہٹایا گیا۔عورتوں کو ڈھال بنا کر پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے تشدد کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیادوسری طرف  ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دور دراز سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے جناح ہسپتال،چلڈرن ہسپتال،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،سروسز ہسپتال ،گنگارام ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رہیں۔قبل ازیں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے وزیراعلیٰ ہا?س کی طرف مارچ کرنے اورسرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کرنے پر محکمہ صحت نے بڑا ایکشن لیا تھا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین سمیت دو ڈاکٹرز کو معطل اور ایک کو نوکری سے برخاست کر دیا تھا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے تمام ڈاکٹرز، نرسز اور الائیڈ ہیلتھ سٹاف کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔ہڑتال کے باعث تمام ڈاکٹر، نرسز و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں تھیں۔، چھٹیاں منسوخ ہونے پر آج تمام ڈاکٹرز، نرسز و عملے کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کی معطلی اور نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔