پولیس کاآپریشن‘گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا ختم کرادیا‘درجنوں مظاہرین گرفتار

آپریشن کے دوران پولیس نے دھرنے کے مقام  سے بینرز، خیمے اور دیگر اشیاء ہٹا دیں‘مال روڈ کلیئر کرا کے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا
 ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے 8 عہدیداروں کیخلاف مقدمہ‘ 300 سے زائد مظاہرین  بھی ملزم قرار 

 لاہور(ہیلتھ رپورٹر‘ایجنسیاں)چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے جاری دھرنے پر پولیس نے رات گئے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 52 خواتین اور 20 مرد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار افراد کو قریبی تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران پولیس نے دھرنے کے مقام پر موجود تمام سامان، بشمول بینرز، خیمے اور دیگر اشیاء، بھی ہٹا دیے۔ علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور چیئرنگ کراس کے اطراف ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے دھرنا سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات کے حق میں دیا گیا تھا، جس میں تنخواہوں، سروس اسٹرکچر اور سہولیات کی بہتری کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد عوام کی آمد و رفت میں حائل رکاوٹیں ختم کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا تھا۔لاہور کے مال روڈ پر دھرنا دینے والے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی مرکزی قیادت اور مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کر کے 26 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے 8 عہدیداروں پر تھانہ سول لائن میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں 300 سے زائد مظاہرین کو بھی ملزم قرار دیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق 50 سے 60 مظاہرین چاقو، قینچیوں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، ملزمان جتھوں کی صورت میں مختلف مقامات پر سرکاری اہلکاروں پر حملے کرتے رہے، مظاہرین نے سرکاری املاک کو توڑا، رکاوٹیں ہٹائیں، پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑیں۔