چیئرنگ کراس میں دھرنادینے کے باعث لاہوربھر میں ٹریفک کا شدیددباؤ
الائنس میں پھوٹ پڑ گئی ،کئی افراد کا چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ
لاہور(کرائم رپورٹر)ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس نے غیر معینہ مدت تک چیئرنگ کراس پر دھرنا دے دیا جس سے لاہور میں چاروں اطراف ٹریفک کا دباؤ شدید ہوگیا، دوسری طرف گرینڈ ہیلتھ الائنس میں بھی پھوٹ پڑ گئی ، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے کچھ افراد نے ڈاکٹر سلمان حسیب کو گرینڈ ہیلتھ الائنس کا چیئرمین ماننے سے انکار کرتے ہوئے چیئرمین کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں سے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی شکل میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز نے گزشتہ روز چیئرنگ کراس پر دھرنا دے دیا۔ہیلتھ الائنس نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتالوں کی نجکاری کو فوری طورپر روکا جائے ،دھرنا کے باعث چیئرنگ کراس کے چاروں اطراف ٹریفک جام ہونے سے لوگ گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ چیئرنگ کراس پر بیٹھے گرینڈ ہیلتھ الائنس میں پھوٹ پڑ گئی ہے جس کی وجہ لاہور کے ہسپتالوں کی بہت کم تعداد دھرنے میں موجود رہی۔ جی ایچ اے کے کچھ افراد کا کہنا ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو نہیں مانتے۔دھرنے میں شامل افراد نے وائے ڈی اے کو چیئرمین قیادت کے بدلنے کامطالبہ کیا ہے۔