اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 52 پیسے اضافے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی۔
سی پی پی اے نے درخواست جولائی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سماعت کرے گی۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے دوران پانی سے 39.81 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جبکہ درآمدی کوئلے سے 14.34 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی گیس سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ بجلی کی فراہمی کی لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔نیپرا سماعت کے دوران سی پی پی اے کی درخواست، بجلی کی پیداوار کی لاگت اور دیگر متعلقہ اعداد و شمار کا جائزہ لے گا۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں اضافی رقم کا بوجھ بجلی صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔
سی پی پی اے کی درخواست منظور ہونے کے بعد ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر تقریباً 29 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ نیپرا نے تین ہفتے قبل سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی، جس سے صارفین پر تقریباً 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا تھا، جبکہ اگست میں بھی ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمت میں 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔