تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان

تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے تحفظات کے باوجود خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے پی ٹی آئی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ احتجاجی سرگرمی میں وہ اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ اتحاد کی جانب سے 27 ستمبر یا 4 اکتوبر کو ہونے والے ممکنہ لانگ مارچ میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کسی بھی ممکنہ اقدام کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، جبکہ اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کے لیے پسِ پردہ رابطے کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔ذرائع کے مطابق لانگ مارچ سمیت بعض دیگر معاملات میں پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو نظر انداز کیے جانے پر اپوزیشن اتحاد میں شکوے بھی موجود ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی رائے کو اہمیت دی جاتی تو پی ٹی آئی آج بہتر پوزیشن میں ہوتی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ 27 ستمبر کی احتجاجی کال برقرار رکھی جائے، پشاور سے اسی روز قافلہ روانہ ہو اور 5 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچا جائے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ 27 ستمبر کی تاریخ اپوزیشن اتحاد اور پی ٹی آئی کی مشترکہ احتجاجی کال تھی، جس میں تبدیلی پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کی جانب سے کی گئی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پولیٹیکل کمیٹی کا مؤقف ہے کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے اور اپوزیشن قیادت کی تجویز نہ ماننے کی وجہ کارکنوں کو وقت سے پہلے تھکنے سے بچانا تھا۔