تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرام راجہ نے کہا ہے کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان غزہ کے عوام اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان سے مذاکرات کیے جانے چاہئیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان اکرام راجہ نے کہا کہ غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے بیڑے کو اسرائیل نے قبضے میں لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت جبر اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے چل نہیں رہی، نوجوان بیرونِ ممالک جا رہے ہیں، مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے، اور ملک میں گندم کا بحران سر اٹھا رہا ہے۔سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کے ساتھ ملا ہوا ہے اور غزہ میں ہزاروں افراد شہید ہوئے ہیں، فلسطین میں بچوں اور عورتوں پر ظلم جاری ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے میں امن کی کوئی بات نہیں، اور وزیرِ اعظم پاکستان نے بغیر منصوبہ پڑھے اس کی تعریفیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ خارجہ نے بھی اعتراف کیا کہ یہ وہ امن منصوبہ نہیں جو پاکستان نے دیکھا تھا، اور پاکستان کو اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کشمیری عوام کے مطالبات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کی جائیں، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کو مستعفی ہو جانا چاہیے، اور کشمیر میں حقیقی قیادت کے لیے نئے انتخابات کی ضرورت ہے۔