اسلام آباد: چیئرمین تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن الائنس کے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں اپوزیشن کی آئندہ سیاسی حکمتِ عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن اتحاد کی مشاورت جاری ہے۔ محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن جماعتوں اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو تمام دستیاب فورمز پر سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے عدالتی اور پارلیمانی فورمز کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی سیاسی جدوجہد کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کی ہدایات کے بعد پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے عدالتی فورم سے رجوع کرنے کی حکمتِ عملی بھی زیرِ غور ہے۔