غزہ: حماس کے ذرائع کے مطابق القسام بریگیڈ کے ایک سینیئر رکن جمعرات کے روز دیر البلح میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہو گئے۔
زخمیوں اور شہداء کی حتمی تعداد ابھی واضح نہیں، تاہم غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس حملے میں 6 فلسطینی جاں بحق ہوئے، جن میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود فضائی بمباری، ٹینکوں سے گولہ باری اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بلڈوزروں کے ذریعے جزوی عمارتوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں 450 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں میں 100 سے زائد بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور اس دوران ان کے تین اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔