غزہ میں بے گھر افراد کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملہ، بچے سمیت 3 فلسطینی شہید

غزہ میں بے گھر افراد کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملہ، بچے سمیت 3 فلسطینی شہید

غزہ: جنوبی غزہ کی پٹی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک بچے سمیت تین فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 11 افراد کی ہلاکت اور 50 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مغرب میں واقع المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی جاں بحق ہوئے۔محمود باسل کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں کے مختلف واقعات میں 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ناصر اسپتال نے بھی تین اموات کی تصدیق کردی
خان یونس کے ناصر اسپتال نے بھی حملے میں تین فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اسپتال کے مطابق جاں بحق افراد کے جسموں کو میزائل براہ راست لگنے کے باعث شدید نقصان پہنچا۔اسپتال حکام نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد ایک بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو بھی علاج کے لیے اسپتال لایا گیا۔

بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا
المواسی کا علاقہ جنوبی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں میں شامل ہے، جہاں جاری تنازع کے باعث بڑی تعداد میں شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔ کیمپ پر حملے کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔