بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے بعد ہوٹل واپسی کے دوران اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ٹیم بس سے اترتے ہوئے اچانک پھسل کر گر گئے۔
بھارتی ٹیم کے کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف اسٹیڈیم سے واپسی پر ہوٹل میں داخل ہو رہے تھے کہ روہت شرما بس کی سیڑھیوں سے اترتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس کے بعد بھارتی کرکٹ مداحوں نے روہت شرما کی خیریت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار فوری طور پر روہت شرما کی مدد کے لیے آگے بڑھے اور انہیں اٹھنے میں معاونت فراہم کی۔ اس موقع پر ویرات کوہلی بھی یہ منظر دیکھ کر حیران دکھائی دیے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد ہوٹل واپسی کے دوران روہت شرما ٹیم بس کی سیڑھیوں سے پھسل کر گر گئے۔ایک اور صارف نے روہت شرما کی خیریت کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ محفوظ ہوں گے۔تاہم واقعے کے بعد روہت شرما کے زخمی ہونے یا انہیں کسی قسم کی چوٹ آنے سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔