انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں ممبئی انڈینز کے اسٹار بیٹر روہت شرما کا امپائرز کے فیصلے پر اظہارِ برہمی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
یہ واقعہ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ کے دوران پیش آیا، جب اننگز کے آغاز سے قبل روہت شرما کے بیٹ کی قواعد کے مطابق چیکنگ کی جا رہی تھی۔ اس عمل میں غیر معمولی تاخیر نے کھلاڑی کو واضح طور پر بےچین کر دیا۔ذرائع کے مطابق بیٹ کی منظوری کے دوران استعمال ہونے والے گیج سے بیٹ بار بار نہیں گزر رہا تھا، جس کے باعث اضافی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران دیگر کھلاڑی کے بیٹ پر یہی عمل باآسانی مکمل ہو گیا، جس نے صورتحال کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روہت شرما اس عمل کے دوران جھنجلائے ہوئے نظر آئے، جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی تلک ورما نے بھی اس صورتحال میں مدد کی اور بیٹ کی جانچ کے عمل میں حصہ لیا۔بعد ازاں روہت شرما نے امپائرنگ کے طریقہ کار پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا اور شائقین کرکٹ نے اس پر مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔