جنوبی شام میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں، گھروں کی تلاشی اور چوکی قائم

جنوبی شام میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں، گھروں کی تلاشی اور چوکی قائم

جنوبی شام میں اسرائیلی فورسز کی تازہ زمینی کارروائیوں کے دوران گھروں کی تلاشی لینے اور عارضی چوکی قائم کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے درعا کے مغربی علاقے میں واقع گاؤں معریہ میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے، جبکہ پڑوسی صوبے قنیطرہ میں ایک سڑک پر چیک پوسٹ قائم کی۔شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیاں جنوبی شام کے مختلف علاقوں میں داخل ہوئیں اور رہائشی گھروں کی تلاشی لی۔قنیطرہ میں عین النوریہ اور خان ارنابہ کے درمیان سڑک پر بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے عارضی چوکی قائم کیے جانے کی اطلاع ہے۔ اس سے ایک روز قبل بھی اسرائیلی فورسز نے قنیطرہ اور درعا کے دیہی علاقوں میں متعدد فوجی گاڑیوں کے ساتھ کارروائیاں کی تھیں۔

اقوام متحدہ کی شام سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی نے رواں ماہ کہا تھا کہ جنوبی شام میں اسرائیلی زمینی دراندازیاں، چھاپے، تلاشی کی کارروائیاں اور عارضی چوکیوں کا قیام مسلسل جاری ہے۔اسرائیل کا مؤقف ہے کہ جنوبی شام میں اس کی موجودگی سرحدی سلامتی کے لیے ضروری ہے، جبکہ شام اور اقوام متحدہ نے ان کارروائیوں کو شام کی خودمختاری اور 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔