ترکیہ میں روسی مسافر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی، بحفاظت لینڈنگ کے بعد تلاشی

ترکیہ میں روسی مسافر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی، بحفاظت لینڈنگ کے بعد تلاشی

ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ جانے والے روسی مسافر طیارے کو دورانِ پرواز بم کی دھمکی موصول ہوئی، جس کے بعد طیارے نے ہنگامی صورتحال میں انطالیہ ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔

طیارے میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی ایئرلائن ازیمتھ ایئرلائنز کا سخوئی سپرجٹ 100 طیارہ روس کے شہر منرلنی ووڈی سے ترکیہ کے شہر انطالیہ جا رہا تھا کہ دورانِ پرواز اسے بم کی دھمکی موصول ہوئی۔ترک خبر رساں اداروں ڈی ایچ اے اور آئی ایچ اے کے مطابق دھمکی ملنے کے بعد طیارے کو انطالیہ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا اور اسے ایئرپورٹ کے محفوظ حصے میں منتقل کردیا گیا۔حکام نے طیارے میں موجود تمام 65 مسافروں اور عملے کے 4 ارکان کو بحفاظت باہر نکالا۔ بعد ازاں سکیورٹی اہلکاروں نے طیارے کی مکمل تلاشی لی، تاہم کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔

ترک میڈیا کے مطابق طیارے کی تلاشی کے بعد بم کی دھمکی کی تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (COP31) جاری ہے۔ دوسری جانب رواں ماہ یورپ میں بھی متعدد تجارتی پروازوں کو جعلی بم دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد مختلف ممالک نے واقعات کی تحقیقات شروع کردی تھیں۔