لاہور(کرائم رپورٹر) اچھرہ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کی چوری کا سراغ لگا کر واردات کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم متاثرہ شخص کا بھانجا نکلا، جسے پولیس نے شمع کے علاقے سے ٹریس کرکے حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص اہل خانہ کے ہمراہ رشتے دار کے گھر گیا ہوا تھا، اس دوران ملزم ریحان نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر میں چوری کا منصوبہ بنایا۔ ملزمان نے اہل خانہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر سے مبینہ طور پر 27 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کرلیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔