پمز سانحہ: وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری

پمز سانحہ: وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اس کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگیا ہے جس کے مطابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کمیٹی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔انکوائری کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرینس جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت کمیٹی فوری طور پر آتشزدگی کے سبب اور واقعے کی ٹائم لائن کا تعین کرے گی۔ کمیٹی ہسپتال کے عملے، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے گی۔اس کے علاوہ، کمیٹی نومولود بچوں، خاص طور پر ہائی رسک نوزائیدہ بچوں کے انخلا کے حوالے سے ہنگامی ایس او پیز کی عملداری کا بھی معائنہ کرے گی۔ کمیٹی پمز میں فائر سیفٹی انفراسٹرکچر، حفاظتی ضوابط اور عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لے گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین اور غفلت کی نشاندہی کی جا سکے۔

کمیٹی واقعے میں ملوث کسی بھی فرد کی ذمہ داری اور غفلت کا تعین کرے گی اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے انتظامی نظام میں ضروری اصلاحات کی سفارشات پیش کرے گی۔ عبوری رپورٹ 48 گھنٹوں کے اندر فوری نوعیت کی سفارشات کے ساتھ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، جب کہ مکمل تحقیقات اور تفصیلی رپورٹ پانچ روز میں وزیراعظم کو فراہم کی جائے گی۔وزارتِ قومی صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر انکوائری کمیٹی کو نوٹیفائی کرے اور اس کے لیے معاونت فراہم کرے۔