ٹرمپ نے ایران کو پابندیوں میں نرمی کی پیشکش سے متعلق رپورٹس مسترد کر دیں

ٹرمپ نے ایران کو پابندیوں میں نرمی کی پیشکش سے متعلق رپورٹس مسترد کر دیں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں تک رسائی دینے کی پیشکش سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو پابندیوں میں ریلیف یا منجمد اثاثے واپس کرنے کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ انہوں نے ایگزیوس کی رپورٹ کو بھی غلط قرار دیا۔واضح رہے کہ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام میں ٹھوس اقدامات کے بدلے اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی اثاثوں تک رسائی دینے پر غور کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ قطر اور پاکستان کی ثالثی سے جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں سامنے آیا۔امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے، تاہم جوہری معاملے پر پیش رفت کے بغیر کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کی توقع نہیں کی جا رہی۔

دوسری جانب سی این این کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی تجاویز کے جواب کا انتظار کرنے کا کہا ہے، جبکہ ٹرمپ نے ایرانی تجویز کو مسترد کیا ہے۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے رواں ہفتے ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کی توقع بھی ظاہر کی ہے۔یوں ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کا سلسلہ برقرار ہے، تاہم پابندیوں، منجمد اثاثوں، آبنائے ہرمز اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت اہم معاملات پر دونوں ممالک کے مؤقف میں اختلافات بدستور موجود ہیں۔