لیاقت بلوچ نے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کو غلط قرار دے دیا

لیاقت بلوچ نے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کو غلط قرار دے دیا

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے متعلق میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم نے پیٹرولیم لیوی میں 35 سے 40 روپے کمی کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں عائد 130 روپے سے زائد اضافی بوجھ کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان سے منسوب بعض بیانات ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت پھیلائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز کے خلاف احتجاج، دھرنے اور مارچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کال پر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر وزیراعظم نے وطن واپسی کے بعد بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔لیاقت بلوچ نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اپنا وعدہ پورا کریں گے، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد کی جانب سپر لانگ مارچ کرے گی۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتوں سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 16 ستمبر کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے چوتھے دور میں بھی کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی، جبکہ جماعت اسلامی نے احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔