امریکہ کے اعلیٰ سطح وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ، فیلڈ مارشل سے ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کو افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش سکیورٹی اور دیگر چیلنجز سے آگاہ کیا:آئی ایس پی آر 
امریکی وفد  کا  افغانستان کے تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف ، علاقائی امن و استحکام کیلئے  مسلسل کوششوں کو سراہا
راولپنڈی ( آن لائن )امریکہ کے اعلیٰ سطح وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد امریکہ، افغانستان وار کمیشن کی شریک چیئرز شمائلہ چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن پر مشتمل تھا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد افغانستان میں 20 سالہ جنگ کے دوران امریکی شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس تناظر میں ملاقات کے دوران افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے کردار، تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی وفد کو افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش سکیورٹی اور دیگر چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افغانستان کے تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل جائزے میں علاقائی پہلوؤں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بھی امریکی وفد کے سامنے پیش کیا، جبکہ ملاقات میں افغانستان اور خطے کی سکیورٹی سے متعلق پاکستان کے تجربات اور نقطہ نظر پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔امریکی وفد نے افغانستان کے تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔