اسلام آباد عدالت نے عمران اسماعیل اور عامر کیانی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے

اسلام آباد عدالت نے عمران اسماعیل اور عامر کیانی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق وزیر صحت عامر کیانی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔

یہ فیصلہ آزادی مارچ کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سابق پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے بریت کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں، جن پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کیے اور دلائل طلب کر لیے ہیں۔آزادی مارچ کے حوالے سے عمران اسماعیل اور عامر کیانی کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں دو مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے بریت کی درخواستوں کی مزید سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران عمران اسماعیل، عامر کیانی اور دیگر پی ٹی آئی کارکنان عدالت میں پیش ہوئے۔ وارنٹ گرفتاری منسوخ ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں پر عارضی گرفتاری کا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔