ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ بحری تجارت 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان بحری شعبے میں عالمی معیار کے رکن کے طور پر ابھر رہا ہے اور پائیدار ترقی کے لیے یکجہتی اور اعلیٰ کارکردگی پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر پالیسیوں، جدید اقدامات اور محنت کے ذریعے ملک کا مضبوط بحری مستقبل تعمیر کیا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا بحری شعبہ قومی تجارت اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور ملک کی بندرگاہوں کی ترقی، ڈیجیٹائزیشن اور جدت کاری حکومت کی ترجیح ہیں۔ کراچی اور پورٹ قاسم کی اپ گریڈیشن جاری ہے، اور انہیں علاقائی تجارتی مراکز میں بدلنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بحری پالیسیوں میں اصلاحات جاری ہیں اور قومی شپنگ کمپنیوں کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے کے لیے مراعات دی جا رہی ہیں، جس سے غیر ملکی انحصار کم ہوگا، فریٹ سکیورٹی بہتر ہوگی اور زرِ مبادلہ کی بچت میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کے مرحلہ وار نفاذ پر بھی کام کر رہا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر باوقار، پائیدار اور جدید بحری قوم بنایا جائے گا، جس سے تجارتی حجم میں اضافہ، روزگار کے مواقع، اور علاقائی ٹریڈ گیٹ وے کے طور پر ملک کا کردار مضبوط ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ بحری شعبے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے کیونکہ بحری ترقی قومی ترقی کی ضمانت ہے۔