مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری طاقت کا بڑا مظاہرہ، تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا

مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری طاقت کا بڑا مظاہرہ، تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا

واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے خطے میں اپنی بحری طاقت مزید بڑھا دی ہے، جوہری توانائی سے چلنے والا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ سینٹرل کمانڈ کے آپریشنل علاقے میں پہنچ گیا ہے، جس کے بعد خطے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے تین اسٹرائیک گروپس تعینات ہوگئے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کی مشرق وسطیٰ آمد کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل نیویارک ٹائمز نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خطے میں پہنچ جائے گا۔روزویلٹ کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور خلیج میں بحری سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ ایران نے اتوار کے روز بحرین میں امریکی ہیلی کاپٹر اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حملے کو کئی ہفتوں کے وقفے کے بعد کسی خلیجی ملک میں ایران کی جانب سے پہلا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پانچ بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے، تاہم ان جہازوں کی شناخت اور واقعے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق بھارتی بحری حکام نے خلیج میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاع بھی دی ہے۔

 واقعے کے دوران جہاز کا عملہ محفوظ رہا، تاہم حملے کی نوعیت اور اس کے ذمہ داروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ادھر کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی منگل کو عمان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اپنے عمانی ہم منصب سے ملاقات اور مذاکرات کریں گے۔ اس دورے کو خطے کی صورتحال اور ایران امریکا کشیدگی میں ممکنہ سفارتی پیش رفت کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔یہ سفارتی کوششیں ایسے وقت میں ہورہی ہیں جب 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر مشترکہ حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے اب تک کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ خطے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافے اور بحری جہازوں پر حملوں کی اطلاعات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔