ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کی ترقی کو خطرہ سمجھنے کے بجائے اسے ایک مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
چین کے سرکاری میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر زرداری نے کہا کہ چین نے گزشتہ چند دہائیوں میں حیرت انگیز ترقی کی ہے، جس کا راز وہاں کے ہر فرد کی محنت اور اجتماعی قومی مفاد میں کام کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصے سے چین کا قریبی دوست اور ہمسایہ ملک ہے اور اس دوران ہم نے دیکھا ہے کہ چین کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔ ان کے مطابق چینی خارجہ پالیسی نہ صرف علاقائی استحکام کا ذریعہ ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ترقی اور تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔صدر زرداری نے پاک چین دوستی، اقتصادی و سفارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔