ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، ہم شہادت کے لئے تیار ہیں،سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم
بیروت (آئی این پی )حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کسی صورت اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق یہ اعلان انہوں نے بیروت کے نواح میں اپنے پیشرو حسن نصراللہ کی پہلی برسی کے موقع پر ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ہم کبھی اپنے ہتھیار نہیں چھوڑیں گے، ہم شہادت کے لئے تیار ہیں۔نعیم قاسم کے خطاب کے دوران شرکا نے حزب اللہ کے زرد پرچم، لبنانی، فلسطینی اور ایرانی جھنڈے لہرائے اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی بھی اس موقع پر موجود تھے، ایران حزب اللہ کا اہم حامی سمجھا جاتا ہے، حزب اللہ نے حسن نصراللہ اور ان کے نائب ہاشم صفی الدین کی برسی کے سلسلے میں بیروت کے مشہور راوشے راک پر ان کی تصاویر بھی پروجیکٹ کیں، حالانکہ حکومت نے اس کی اجازت نہیں دی تھی